بھارت کی شمالی ریاست اترکھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ریاستی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ جمعہ کے روز پیش آیا، جس میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اترکھنڈ سول ایوی ایشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (یو سی اے ڈی اے) کے بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر ہندوؤں کے مشہور مذہبی مقام بدری ناتھ سے ریاست کے دارالحکومت دہرادون جا رہا تھا۔
اے این آئی نے اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر پرتیک جین کے حوالے سے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت 6 افراد سوار تھے جن میں 5 مسافر شامل تھے، حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچ سکا۔
اتھارٹی کے مطابق ہیلی کاپٹر جب جوشی مٹھ وادی کے اوپر پرواز کر رہا تھا تو اس کا رابطہ منقطع ہوگیا، اسی دوران ٹریکنگ سسٹم نے بھی ہیلی کاپٹر کی نقل و حرکت دکھانا بند کردی۔
رائٹرز کے مطابق حکام نے واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کی پرواز کے دوران رابطہ منقطع ہونے اور ٹریکنگ سسٹم سے غائب ہونے کے بعد حادثے کی اطلاع سامنے آئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی ہے، حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اترکھنڈ بھارت کی ہمالیائی ریاست ہے، جہاں بلند پہاڑی علاقوں میں واقع مذہبی مقامات تک رسائی کیلئے ہیلی کاپٹر سروس استعمال کی جاتی ہے، بدری ناتھ بھی ہندوؤں کے اہم زیارتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔



