کراچی میں معروف گلوکارہ حمیرا چنا کی گاڑی چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم ملزم اہل خانہ کی شاپنگ کے دوران ٹویوٹا کرولا گاڑی لے اڑا۔
پولیس کے مطابق گاڑی چوری کا واقعہ 28 اکتوبر کو کراچی کے علاقے بہادر آباد میں چار مینار چورنگی کے قریب پیش آیا جس کا مقدمہ گلوکارہ کے شوہر نے تھانہ نیوٹاؤن میں درج کرادیا ہے۔
مدعی مقدمہ کے بیان کے مطابق اہل خانہ شاپنگ کے لیے گئے ہوئے تھے کہ اس دوران نامعلوم شخص ان کی ٹویوٹا کرولا ماڈل 2010 چوری کرکے لے گیا۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ گاڑی میں ایک قیمتی موبائل فون، خواتین اور بچوں کے کپڑے، پرس اور دیگر سامان بھی موجود تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی چوری کا مقدمہ تھانہ نیوٹاؤن میں درج کرلیا گیا ہے اور گاڑی کی تلاش جاری ہے۔
وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس، رپورٹ طلب
معروف گلوکارہ حمیرا چنا کی گاڑی چوری ہونے کے واقعے کا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے بھی نوٹس لے لیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی اے سی ایل سی اور ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اے وی سی سی تمام تکنیکی پہلوؤں پر کام کرتے ہوئے گاڑی چوروں کو ٹریس کرے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ آرٹسٹ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،حمیرا چنا کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ہمیں احساس ہے۔

