وزارت پیٹرولیم نے سینیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار اور فروخت کے اعداد و شمار پیش کر دیے گئے۔
جولائی تا ستمبر کے دوران ملک میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار اور فروخت کے اعداد و شمار سینیٹ میں پیش کر دیے گئے۔
وزارت پیٹرولیم کے تحریری جواب کے مطابق اس عرصے میں ملک میں پیٹرول کی یومیہ پیداوار 7 ہزار 35 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 21 ہزار 583 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔
تحریری جواب کے مطابق جولائی تا ستمبر ملک میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار 14 ہزار 65 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 16 ہزار 866 میٹرک ٹن رہی۔
صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں پیٹرول کی یومیہ پیداوار 4 ہزار 670 میٹرک ٹن اور فروخت 14 ہزار 827 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار 7 ہزار 608 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 10 ہزار 779 میٹرک ٹن رہی۔
سندھ میں پیٹرول کی یومیہ پیداوار ایک ہزار 592 میٹرک ٹن اور فروخت 4 ہزار 567 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔ صوبے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار 4 ہزار 419 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 3 ہزار 662 میٹرک ٹن رہی۔

خیبرپختونخوا میں جولائی تا ستمبر پیٹرول کی یومیہ فروخت 2 ہزار 127 میٹرک ٹن جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ فروخت 2 ہزار 355 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔
تحریری جواب کے مطابق بلوچستان میں پیٹرول کی یومیہ پیداوار 773 میٹرک ٹن اور فروخت 62 میٹرک ٹن رہی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار 2 ہزار 38 میٹرک ٹن اور فروخت 70 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔
سینیٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار و فروخت کے اعداد و شمار دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں رہے۔



