وزیراعظم شہبازشریف نے ہونہار طالب علموں کو کروم بکس اورانٹرنیٹ فراہم کرنے کے منصوبے کا باضابطہ اجرا کردیا، منصوبے کے تحت اسکول اور مدارس کے ہونہار طالبعلموں کو آئندہ 2 سالوں میں 5 لاکھ کروم بکس فراہم کی جائیں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے ہونہار بچوں کو بااختیار بنانے کے سفر کا آغاز کر رہے ہیں ، باصلاحیت بیٹے اوربیٹیاں پاکستان کا حقیقی سرمایہ ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طلبا و طالبات کو کروم بکس صرف میرٹ اور قابلیت پر دی جارہی ہیں، بچوں کو بااختیار بنانا اورجدید ٹیکنالوجی و مہارتیں دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔کروم بکس کیساتھ طلبہ کوایک بیگ اور انٹرنیٹ ڈیوائس کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارات تک محدود نہیں ہونا چاہئے ، طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا مقصد عالمی مقابلے کے قابل بنانا ہے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 سال میں طلبہ کو میرٹ پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے، جدید ڈیجیٹل سہولیات سے طلبہ گھر بیٹھے آن لائن تعلیم اور ای لائبریری سے استفادہ کر سکیں گے۔
دانش اسکولز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دانش اسکولوں میں طلبہ کو رہائش اور کھانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جہاں تمام تعلیمی سہولیات بالکل مفت ہیں۔اس کےعلاوہ معیاری تعلیم، اسمارٹ بورڈزاورای لائبریریز فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں 27 دانش اسکول زیر تعمیر ہیں،بچوں کو باصلاحیت پاکستانی بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کرنا ترجیح ہے،دینی مدارس کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ اسکیموں میں شامل کیا گیا۔
’تعلیم پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے، خالد مقبول صدیقی‘
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان بدلتے تعلیمی تقاضوں کے مطابق اقدامات کررہا ہے، ملک کو اقوام عالم میں باوقار مقام دلانے کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری معیشت اور مستقبل سنوارتی ہے، ماضی کی کامیابیاں، ناکامیاں اور فیصلے ہمیں سیکھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں، تعلیم کےمعیار، مقصد اورذرائع کے بدلتے تقاضوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان کوعالمی برادری میں باوقارمقام دلانے کیلئے تعلیم پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے، تعلیم پر سرمایہ کاری پاکستان کو خطے میں باوقار مقام دلائے گی۔
پاکستان نے ایک سال میں کئی دہائیوں کا سفر طے کیا، اس دوران پاکستان عالمی تنہائی کے تاثر سے نکل کرخطےمیں ثالثی کے کردار تک پہنچا۔
’چاہتے ہیں پاکستان کا طالب علم ڈیجیٹل دنیا کا تخلیق کار بنے، چیئرمین ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن‘
اس موقع پر چیئرمین ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن راشد منہاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پاکستانی طلبہ کے مستقبل میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتےہیں، آج ہم پاکستان کے مستقبل، ہونہار طلبہ کے ساتھ موجود ہیں،چاہتے ہیں پاکستان کا طالب علم ڈیجیٹل دنیا کا تخلیق کار بنے۔
’وزیراعظم پاکستان کیلئے درد رکھتے ہیں، رانا مشہود‘
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا وژن نوجوانوں کو عزت اور حوصلہ افزائی دینا ہے،پنجاب میں ڈیجیٹائزیشن سے اسکولوں کی کارکردگی کی نگرانی کی گئی جہاں میرٹ اورکارکردگی پر اضلاع کی درجہ بندی اور حوصلہ افزائی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا مؤقف ہے کہ حقیقی ترقی تب ہوگی جب پورا پاکستان ترقی کرےگا، دانش اسکولز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دانش اسکولز نے مستحق طلبہ کو آگے بڑھنے اور تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کئے۔
ڈیجیٹل پاکستان کےسفر کا آغاز وزیراعظم نے کرکے دکھایا ہے وہ پاکستان کیلئے درد رکھتے ہیں،آج دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ،معاہدے کرنا چاہتی ہے، وزیراعظم نے کہا میں ملک کے بچوں کیلئے وسائل کم نہیں ہونے دوں گا۔

