وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ دانش اسکولوں میں غریب مگر ہونہار طلبہ کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے اور پنجاب میں کامیاب تجربے کے بعد اب دانش اسکولوں کا دائرہ پورے ملک تک پھیلایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے گلگت بلتستان میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہونہار، قابل اور محنتی بچے پاکستان کا فخر ہیں اور وہ خصوصی طور پر ایسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے یہاں آئے ہیں۔

پنجاب میں بطور وزیراعلیٰ دانش اسکولوں کی بنیاد رکھی تو اس منصوبے پر شدید تنقید کی گئی، تاہم آج یہی ادارے ہزاروں مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دانش اسکولوں کو تمام جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ طلبہ جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کرسکیں، قوم کی ترقی کیلئے محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنانا ہوگا۔

لیپ ٹاپ اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بچوں نے شبانہ روز محنت کرکے یہ لیپ ٹاپ حاصل کیے ہیں، یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ان کی تعلیمی قابلیت کا اعتراف ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لیپ ٹاپ صرف میرٹ کی بنیاد پر دیے گئے اور مالی طور پر کمزور مگر باصلاحیت طلبہ کو ترجیح دی گئی وزیراعظم نے ہونہار طلبہ کے والدین اور اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں مزید نے کہا کہ پاکستان کے خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان کا دورہ کرکے انہیں خوشی محسوس ہورہی ہےاور اپنے سیاسی سفر میں انہوں نے کبھی میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی کی۔

قیام پاکستان کے بعد آج پہلی بار خیبر سے کراچی تک پوری قوم متحد نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1997 میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے کبھی میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا۔


