امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فصلوں کی کٹائی کے موسم میں ڈیزل کے بڑھتے اخراجات سے نمٹنے کے لیے امریکی کسانوں کو 8 ارب ڈالر کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
ٹرمپ کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب امریکی صدر نے روس سے ڈیزل خریدنے کا معاہدہ کیا ہے ۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست کنساس میں وسط مدتی انتخابات کی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی محکمہ زراعت ایک نیا ’ہارویسٹ فیول ریلیف پروگرام‘ شروع کرے گا جس کے تحت کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے موسم میں ڈیزل کے اخراجات پورے کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
امریکی محکمہ زراعت نے ٹرمپ کے اعلان کے بعد بتایا کہ اس پروگرام کے تحت امریکی کسانوں کے لیے 8 ارب ڈالر مختص کیے جائیں گے۔ یہ رقم فصلوں کی کٹائی کے موجودہ موسم میں کسانوں کو یکمشت ادائیگیوں کی صورت میں فراہم کی جائے گی۔
محکمے کے مطابق اس امدادی پروگرام کا مقصد مارکیٹ میں عارضی خلل اور زرعی پیداواری لاگت میں اضافے کے دوران کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
محکمہ زراعت نے مزید بتایا کہ رواں سال متوقع نقصانات کے ایک حصے کو پورا کرنے کے لیے یکساں فارمولے کے تحت کسانوں کو متناسب مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
امریکی محکمہ زراعت کی فارمنگ سروس ایجنسی اس پروگرام کے تحت 8 ارب ڈالر کی ادائیگیوں کا انتظام کرے گی۔
رائٹرز کے مطابق کسانوں کے لیے امداد کا اعلان نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات سے قبل صدر ٹرمپ کی جانب سے کیے جانے والے مالی وعدوں کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔ ان انتخابات میں کانگریس پر کنٹرول داؤ پر لگا ہوا ہے۔
ریپبلکن پارٹی کو اس وقت امریکی سینیٹ اور ایوان نمائندگان، دونوں میں معمولی اکثریت حاصل ہے۔ تاہم امریکیوں کے لیے بڑھتے ہوئے اخراجات اور ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات پر صدر ٹرمپ کی مقبولیت متاثر ہوئی ہے۔
رائٹرز اور اِپسوس کے 19 اکتوبر کو جاری ہونے والے سروے کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح کم ہوکر 31 فیصد کی ریکارڈ سطح پر آگئی تھی۔
اخراجات میں اضافے کے باعث ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی ان زرعی ریاستوں میں اپنی حمایت برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں سینیٹ کے انتخابات میں سخت مقابلے متوقع ہیں۔
صدر ٹرمپ نے رواں ماہ ایک ایگزیکٹو آرڈر پر بھی دستخط کیے تھے جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس سے ٹیکس سے مستثنیٰ ڈیزل تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔
اس کے علاوہ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت برقرار رکھنے کی صورت میں تمام بالغ امریکی شہریوں کو 5 ہزار ڈالر دینے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ تاہم تجزیہ کاروں، ماہرینِ معاشیات اور ریپبلکن پارٹی کے بعض ارکانِ کانگریس نے اس تجویز پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ صدر ٹرمپ نے میڈیکیئر میں رجسٹرڈ 2 کروڑ سے زائد امریکیوں کو 90 ڈالر کی یکمشت ادائیگی کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔ میڈیکیئر امریکا میں بزرگ شہریوں کے لیے صحت بیمہ کا پروگرام ہے۔



