پاکستان کے اسٹار بیٹر بابراعظم انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے پانچویں بلے باز بن گئے۔
بابر اعظم نے یہ ریکارڈ آج سہ فریقی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بیٹنگ کرتے ہوئے بنایا۔
بابر اعظم نے یہ کارنامہ 399 اننگز میں انجام دیا ہے، اس سے پہلے پاکستان کی جانب سے محمد یوسف نے 388 اننگز، جاوید میانداد نے 398 اننگز، انضمام الحق نے 432 اننگز جبکہ یونس خان نے 449 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا۔

کیرئیر پر ایک نظر
لاہور میں پیدا ہونے والے بابر اعظم کا تعلق کرکٹ سے وابستہ اکمل برادران کے خاندان سے ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جونیئر کرکٹ میں مختلف مراحل طے کیے۔ وہ 2008 میں انڈر 15 کرکٹ کا حصہ بنے، جبکہ 2010 اور 2012 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔
بابر اعظم نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں مسلسل3 سنچریاں اسکور کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس وقت ان کی عمر 21 سال تھی۔ اس سے قبل وہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرچکے تھے جس کے پہلے میچ میں انہوں نے نصف سنچری بنائی تھی۔
ون ڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد انہیں ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل کرلیا گیا۔ یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد بابر اعظم نے پاکستان کے نمایاں بلے باز کے طور پر اپنی جگہ مستحکم کرنا شروع کردی۔
2018 تک بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل میں 2 ہزار رنز مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر دوسرے تیز ترین بیٹر بن چکے تھے۔ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے تیز ترین بیٹر بھی بنے۔
بابر اعظم نے 2022 میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے سرفہرست تین بیٹرز میں جگہ بنائی۔ اسی سال انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 11 سو 84 رنز اسکور کیے جن میں چار سنچریاں شامل تھیں۔
2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی اور ٹیسٹ کرکٹ میں مشکلات کے بعد بابر اعظم کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی فارم بھی متاثر ہوئی اور 2023 اور 2024 کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں وہ صرف ایک نصف سنچری اسکور کرسکے جبکہ ان کی اوسط 21.36 رہی۔
2023 کے اواخر میں انہوں نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد ٹیم میں ان کی حیثیت ایک سینئر کھلاڑی کی رہی،اس وقت وہ صرف پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔


