پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوران 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 18 سے 31 اکتوبر 2026 تک کھیلی جائے گی۔ سات میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں چھ لیگ میچز اور ایک فائنل شامل ہے۔ تمام میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 3 ملکی سیریز کا چوتھا ون ڈے انٹرنیشنل میچ بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے تحت کھیلا جائے گا۔
Gaddafi Stadium to turn pink on 25 October as PCB dedicates fourth ODI of tri-series to breast cancer awareness 🎀
Special Pink Ribbon activities to begin two hours before the match, with players, officials and commentators supporting the initiative 🤝
#PinkRibbon | #CricketKaJashan | #PAKvENG
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 18, 2026
اس سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ شروع ہونے سے 2 گھنٹے قبل پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم خصوصی طور پر تیار کردہ گلابی کٹ پہنے گی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی۔
میچ کے دوران پنک اسٹمپس استعمال ہوں گے اور اسٹیڈیم کی بڑی اسکرینوں اور ایل ای ڈی بورڈز پر آگاہی پیغامات بھی نشر کیے جائیں گے۔
خصوصی پنک شرٹس بھی متعارف
پی سی بی کا کہنا ہے کہ خصوصی پنک شرٹس بھی متعارف کروا دی گئی ہیں جو 19 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی مرچنڈائز شاپ اور آن لائن دستیاب ہوں گی۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی مقبولیت کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کا پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی علی عدنان زیدی نے شائقینِ کرکٹ پر زور دیا ہے کہ وہ پنک ربن مہم کا حصہ بنیں اور بروقت تشخیص اور اسکریننگ کا پیغام اپنے خاندانوں اور معاشرے تک پہنچائیں۔
سیریز کی اہمیت
سہ ملکی ون ڈے سیریز پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر اپنی ٹیم کی کارکردگی جانچنے، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو آزمانے اور ٹیم کمبی نیشن کو مزید بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گی۔ جبکہ انگلینڈ اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کو بھی فارم بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ یہ سیریز 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بھی اہم ہے۔



