پنجاب حکومت نے پی ایم ایس(پراونشل مینجمنٹ سروس) امتحان میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کیلئے عمر کی حد اور چانسز میں اضافہ کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی (سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ) کے مطابق پی ایم ایس امتحان میں شرکت کیلئے عمر کی حد 30 سے بڑھا کر 32 سال کر دی گئی ہے جبکہ امیدواروں کو اب امتحانات کیلئے 3 کے بجائے کل 4 چانسز ملیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ رعایت 2026اور2027 کے پی ایم ایس امتحانات کیلئے ون ٹائم ہوگی۔
حکومت پنجاب نے یہ فیصلہ پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974ء کے سیکشن 23 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے کیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب نے متعلقہ قواعد و ضوابط میں موجود کسی بھی امر کے باوجود یہ عمر اور چانسز میں اضافے کی منظوری دی ہے۔
19 اگست 2026 کا نوٹیفکیشن واپس
پنجاب حکومت کے جاری کردہ تازہ نوٹیفکیشن میں 19 اگست 2026 کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن نمبر No.SOR-I(S&GAD)9-2/2022 کو واپس لینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
تازہ نوٹیفکیشن 2 اکتوبر 2026 کو لاہور سےجاری کیا گیا جن کی نقول اطلاع اور ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ حکام اور اداروں کو بھجوا دی گئی ہیں۔

