عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، آج سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ، 37 ہزار 836 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کا بھاؤ 2 ہزار 572 روپے کم ہو کر 3 لاکھ، 75 ہزار، 373 روپے ہو گیا ہے۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 172 روپے کی کمی کے بعد 6 ہزار 360 روپے پر آ گئی ، دوسری جانب عالمی گولڈ مارکیٹ میں 30 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 4 ہزار 153 ڈالر کا ہو گیا۔
گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 900 روہے جبکہ 10 گرام سونا 771 روپے سستا ہو گیا تھا۔
خیال رہے عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


