سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی سلامتی، پیشہ ورانہ روابط اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیلی وفد نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات میں علاقائی بحری سلامتی اور پاکستان و برازیل کے درمیان بحری تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر برازیلی ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے نے پاکستان نیوی کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرولز اقدام اور علاقائی استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برازیلی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر وفد کو پاک فضائیہ کی جدید کاری اور دفاعی صلاحیتوں کو مقامی سطح پر فروغ دینے کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں خلائی ٹیکنالوجی، سائبر صلاحیتوں، مصنوعی ذہانت اور الیکٹرانک وارفیئر سمیت جدید دفاعی شعبوں کو پاک فضائیہ کے نظام میں شامل کرنے پر بھی روشنی ڈالی گئی، برازیلی ایڈمرل نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ملاقاتوں میں پاکستان اور برازیل نے پیشہ ورانہ تبادلوں، ادارہ جاتی روابط اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔



