سعودی عرب میں ریاض ائیرپورٹ پر دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہفتے کے روز دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ ہوائی اڈے کے بعض حصوں سے مسافروں کو نکال لیا گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دو عینی شاہدین اور واقعے سے آگاہ دو افراد نے دھماکے اور زخمیوں کی اطلاع دی۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے کے بعد ہوائی اڈے کے اندر متعدد افراد زمین پر زخمی حالت میں پڑے دکھائی دیے۔ عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ایک درجن سے زائد ایمبولینسیں تیزی سے ہوائی اڈے کی جانب آتی ہوئی دکھائی دیں۔
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی تصدیق کی ہے کہ ریاض ایئرپورٹ پر حوثی حملے سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اورفلائٹ آپریشن معطل ہے۔
رائٹرز اور دیگر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق 8 اکتوبر کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کے دوران سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے کو نقصان پہنچا، جبکہ سعودی حکام نے بعد ازاں تصدیق کی کہ ان حملوں میں تین سعودی شہری ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ حوثیوں نے بھی ریاض ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
امریکی صدر نے بھی اپنے عزائم ظاہر کر دیے
ریاض ائیر پورٹ پر حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا امریکا حوثیوں کے خلاف سعودی حملوں میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتا ہے؟
اس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اس امکان پر غور کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں حالیہ حملے کے بارے میں ابھی معلوم ہوا ہے، اس لیے فیصلہ کیا جائے گا، تاہم امریکا تیزی سے کارروائی کرتا ہے۔
ریاض ایئرپورٹ پر پروازیں متاثر، مسافروں کیلئے ہدایات جاری
پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق ریاض آنے والی پروازوں کو یا تو منسوخ کر دیا گیا یا متبادل ہوائی اڈوں کی جانب منتقل کر دیا گیا، ایک موقع پر ہوائی اڈے کے اوپر صرف ایک ہیلی کاپٹر پرواز کرتا دکھائی دیا۔
ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں اور پرواز کی تازہ صورتِ حال معلوم کر لیں۔
امریکی و برطانوی شہریوں کو ریاض ایئرپورٹ اور گردونواح سے دور رہنے کی ہدایت
سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے ہفتے کے روز ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں سے آگاہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو ہوائی اڈے اور اس کے گردونواح میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ وہ ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں سے آگاہ ہے اور امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں سے دور رہیں۔
دوسری جانب کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے ”سنگین واقعے“ کے بعد برطانوی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ہوائی اڈے سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
برطانوی سفارت خانے کی ایڈوائزری کے مطابق شہری ایئرپورٹ جانے سے گریز کریں اور مزید ہدایات کے لیے سرکاری اطلاعات پر نظر رکھیں۔
حوثی حملوں میں اضافے کے دوران واقعہ پیش آیا
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب یمن کے ایران نواز حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق رواں ہفتے ریاض ایئرپورٹ کو اس سے پہلے بھی دو مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے، ان حملوں میں چار افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے تھے جبکہ ایک طیارے کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔
تاہم ہفتے کے روز ہونے والے دھماکے اور حوثیوں کے حملوں کے درمیان تعلق کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔



