پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل سگنلز کی کمزوری کے باعث کالز میں مشکلات کا سامنا کرنے والے صارفین کو وائی فائی کالنگ کی سہولت استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا۔
پی ٹی اے کے مطابق گھروں، دفاتر اور ایسے مقامات پر جہاں موبائل نیٹ ورک کے سگنلز کمزور ہوں، وہاں وائی فائی کالنگ کے ذریعے رابطے کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے تحت روایتی موبائل نیٹ ورک کے بجائے وائی فائی انٹرنیٹ کنکشن استعمال کرتے ہوئے فون کالز کی جاسکتی ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وائی فائی کالنگ سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ صارف کے موبائل فون میں یہ فیچر موجود ہو، متعلقہ موبائل آپریٹر یہ سروس فراہم کرتا ہو اور صارف فعال وائی فائی انٹرنیٹ کنکشن سے بھی منسلک ہو۔
‘صارفین وائی فائی کالنگ کا آپشن تلاش کریں’
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے موبائل فون کی سیٹنگز میں جاکر وائی فائی کالنگ کا آپشن تلاش کریں اور دستیاب ہونے کی صورت میں اسے فعال کر دیں۔
Stay connected even where mobile signals are weak! Enable Wi-Fi Calling (VoWiFi) in your phone settings and enjoy calls over Wi-Fi, where supported by your device and mobile operator.
#PTA #WiFiCalling #VoWiFi #StayConnected #TelecomAwareness https://t.co/Oe4wJPuDZl— PTA (@PTAofficialpk) October 9, 2026
وائی فائی کالنگ فعال ہونے اور وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ہونے کے بعد ان مقامات پر بھی کالز کرنے میں سہولت مل سکتی ہے جہاں موبائل سگنلز کمزور ہونے کے باعث رابطے میں دشواری پیش آتی ہے۔
پی ٹی اے کے اس مشورے کا مقصد موبائل نیٹ ورک کی کمزور کوریج والے علاقوں میں صارفین کو رابطے کا متبادل ذریعہ فراہم کرنا ہے۔ تاہم اس سہولت کی دستیابی موبائل فون کی مطابقت اور متعلقہ موبائل آپریٹر کی جانب سے سروس کی فراہمی سے مشروط ہے۔



