پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے اور طویل فاصلے کی بین الاقوامی پروازوں کی گنجائش میں اضافے کے لیے ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک کے ساتھ دو جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے حاصل کرنے کا معاہدہ کرلیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق معاہدے کے تحت نورس اٹلانٹک پی آئی اے کو دو بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے اے سی ایم آئی (ACMI) بنیادوں پر فراہم کرے گی۔
اس معاہدے کے تحت طیاروں کے ساتھ عملہ، دیکھ بھال اور انشورنس کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں، اس انتظام کے ذریعے پی آئی اے کو اپنے طویل فاصلے کے فضائی آپریشنز میں توسیع کے لیے اضافی گنجائش میسر آئے گی۔
معاہدے کے تحت حاصل کیے جانے والے جدید طیاروں کے ذریعے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔
نئے طیاروں کے ذریعے پروازوں کا آغازنومبر 2026 کے اوائل میں متوقع ہے جبکہ لندن ہیتھرو اورمانچسٹر سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔
#PIA and @flynorse sign a partnership agreement for the lease of @BoeingAirplanes 787-900 Dreamliners, the first of their kind in Pakistan, to supplement PIA’s #UK operations.
The addition of Boeing 787 Dreamliners mark the begining of PIA’s expansion and new management’s committment to provide world class services to our valued customers. The aircraft are expected to join PIA in Nov ’26.
— PIA (@Official_PIA) October 9, 2026
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر اضافی طیاروں کی شمولیت سے قومی ایئرلائن کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ متوقع ہے۔
نئے انتظام کے ذریعے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان آنے اور واپس جانے کے لیے مزید سفری مواقع میسر آسکیں گے۔
پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کا منصوبہ
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسرایئر وائس مارشل عامر حیات کے مطابق قومی ایئرلائن اپنے بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے اور مسافروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق آپریشنل گنجائش میں اضافہ کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے پہلی مرتبہ پاکستانی مارکیٹ میں متعارف ہو رہے ہیں اور امید ہے کہ یہ جدید طیارے مسافروں کو بہتر اور معیاری سفری تجربہ فراہم کریں گے۔
عامر حیات کے مطابق نورس اٹلانٹک کے ساتھ شراکت داری پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں مقیم بڑی پاکستانی کمیونٹی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سفر کے مزید مواقع پیدا کرے گی۔
نورس اٹلانٹک کی طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے حکمت عملی
نورس اٹلانٹک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایونڈ روالڈ کے مطابق پی آئی اے کے ساتھ معاہدہ کمپنی کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت جدید ڈریم لائنر طیاروں کو مختلف بین الاقوامی مواقع اور مارکیٹس میں مؤثر انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کے جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے شیڈول پروازوں، چارٹر سروسزاور اے سی ایم آئی آپریشنز کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف فضائی کمپنیوں کے ساتھ اس نوعیت کے معاہدے جدید طیاروں کے مؤثر استعمال اور بین الاقوامی آپریشنز میں لچک پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
پی آئی اے اور نورس اٹلانٹک کے درمیان ہونے والے اس معاہدے سے دونوں ایئرلائنز کے درمیان مستقبل میں مزید اسٹریٹجک تعاون کے امکانات بھی پیدا ہوئے ہیں۔


