خیبر پختونخوا کے علاقے سوات اور گردونواح کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات اور گردونواح میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ زلزلے کی زیرزمین گہرائی 172 کلومیٹر تھی۔
حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ سوات میں 16 گھنٹے کے دوران دوسری بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ کلم طیبہ کا ورد کرتے ہوئے خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
ضلعی انتطامیہ کے مطابق زلزلے کے باعث کسی بھی قسم کے نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی۔
اس سے قبل آج ہی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ جن میں سوات، شانگلہ اور خیبر سمیت اردگرد کے علاقے شامل تھے۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی تھی اور زلزلے کی زیر زمین گہرائی 224 کلومیٹر جبکہ مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
زلزلے کیوں آتے ہیں؟
ماہرین کے مطابق زلزلے عموماً زمین کی اندرونی تہوں میں موجود ٹیکٹونک پلیٹوں کی حرکت کے باعث آتے ہیں۔ جب یہ پلیٹیں ایک دوسرے کے خلاف حرکت کرتی ہیں یا ان کے درمیان موجود فالٹ لائن پر اچانک دباؤ خارج ہوتا ہے تو زیر زمین توانائی خارج ہوتی ہے، جس سے زلزلے کی لہریں پیدا ہوتی ہیں اور زمین لرزنے لگتی ہے۔


