ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے دلچسپ اور سننی خیز میچ میں جنوبی کوریا کو شکست دیکر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
پاکستان نے جنوبی کوریا کو 3-5 سے شکست دے کرتیسری پوزیشن کا میچ جیت کر تمغہ حاصل کر لیا جس کے بعد ایشین گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد 10 ہو گئی۔
چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ تین، تین گول سے برابر تھا لیکن پھر پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مزید دو گول کر دیئے اور تیسری پوزیشن کے میچ میں جنوبی کوریا کو پانچ تین کے اسکور سے ہرا دیا۔
پاکستان کی جانب سے کس کس نے گول کیے؟
پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے دو، سفیان خان، عبدالرحمن اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول کیا۔
اس کے علاوہ ایشین گیمز میں مینز والی بال کے مقابلے میں پاکستان نے چین کو تیسری پوزیشن کے میچ میں ہرا کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
جاپان کے شہر ناگویا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 3 اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کا چین کے خلاف فتح کا اسکور 25-18، 25-16 اور 25-18 رہا۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے تینوں سیٹس میں ابتدا ہی سے برتری برقرار رکھی اور چینی ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔
مینز والی بال کے سیمی فائنل میں ایران نے پاکستان کو مسلسل 3 سیٹس میں شکست دی تھی، اوکازاکی چوو سوگو پارک جمنیزیم میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ایران نے 13-25، 15-25 اور 11-25 کے اسکور کے ساتھ فیصلہ کن کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔
ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت کی کامیابی
دوسری جانب ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ جبکہ پاکستان کے حصے میں چاندی کا تمغہ آیا۔
ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں پاکستان کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 192 رنز بنا سکی۔



