ٹوکیو: ایشین گیمز کے جیولن تھرو فائنل میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم میڈل حاصل کرنے میں ناکام رہے اور 80.29 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آئے۔
جاپان کے شہر ناگویا میں کھیلے گئے جیولن تھرو کے فائنل میں ارشد ندیم نے 6 میں سے صرف 2 تھروز مکمل کیں۔ ان کی پہلی تھرو 76.69 میٹر رہی جبکہ دوسری کوشش فاؤل قرار پائی۔ تیسری باری میں انہوں نے 80.29 میٹر کی تھرو کی جو ان کی بہترین کوشش ثابت ہوئی۔
اس کے بعد ارشد ندیم کی چوتھی، پانچویں اور چھٹی کوششیں بھی ضائع ہوگئیں، یوں وہ پوڈیم تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔
فائنل میں سری لنکا کے رمیش پتھراگے نے 88.55 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا، بھارت کے یشویر سنگھ نے 85.14 میٹر کے ساتھ چاندی جبکہ بھارت ہی کے روہت یادیو نے 84.35 میٹر کی تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔
پاکستان کے دوسرے ایتھلیٹ محمد یاسر بھی فائنل میں شریک ہوئے تاہم وہ 14 ایتھلیٹس میں نویں نمبر پر رہے۔ ان کی بہترین تھرو 73.50 میٹر رہی۔
ارشد ندیم کے لیے ایشین گیمز کا یہ نتیجہ اس لیے بھی اہم تھا کہ وہ اس سے قبل 2026 کامن ویلتھ گیمز میں بھی میڈل حاصل نہیں کرسکے تھے۔ گلاسگو میں ارشد ندیم نے 77.41 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ نویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم نے پاکستان کے لیے 40 سال بعد ایتھلیٹکس کا اولمپک گولڈ میڈل جیتا تھا۔ انہوں نے 92.97 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔



