عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ کے زیر اثر مقامی صرافہ بازاروں میں بھی آج فی تولہ سونے کی قیمت 4 ہزار 300 روپے کم ہو گئی جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ، 36 ہزار 336 روپے کی سطح پر آ گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 687 روپے کی کمی سے 3 لاکھ، 74 ہزار 87 روپے ہو گئی۔
اس کے علاوہ ملک میں آج فی تولہ چاندی کی قیمت 56 روپے کی کمی سے 6 ہزار 522 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 48 روپے کی کمی سے 5 ہزار 591 روپے کی سطح پر آ گئی۔
دوسری جانب عالمی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونا 43 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 138 ڈالر پر آ گیا ہے۔
سونے کی قیمتوں پر کونسے عوامل اثرانداز ہوتے ہیں؟
عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


