لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے لیے 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنک سالٹ پاکستان کا قیمتی خزانہ ہے، جس کی ویلیو ایڈیشن سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کے لیے 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، قرض کی مدت 5 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ ابتدائی 3 ماہ تک قرض لینے والوں کو کوئی رقم واپس نہیں کرنا ہو گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قائدآباد میں اس مقصد کے لیے خصوصی اسٹیٹ قائم کی جا رہی ہے، جہاں اس قیمتی معدنی وسیلے کو مزید قابل قدر بنایا جا سکے گا۔ اللہ تعالیٰ نے پنجاب کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے جن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پنک سالٹ کی کانیں موجود ہیں، لیکن ماضی میں اس قیمتی معدنی وسیلے کا فائدہ پاکستان کو نہیں مل رہا تھا۔ اور دوسرے ممالک پاکستان سے معمولی قیمت پر نمک خرید کر اس سے لاکھوں ڈالر کماتے رہے، جبکہ عالمی منڈی میں یہ نمک فروخت ہونے پر خریداروں کو اس کے پاکستانی ہونے کا بھی علم نہیں ہوتا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنک سالٹ خلیجی اور یورپی ممالک میں سونے کے بھاؤ فروخت ہوتا ہے، لیکن پاکستان میں اس کی ویلیو ایڈیشن نہ ہونے کے باعث ملک کو اس کی حقیقی معاشی قدر حاصل نہیں ہو رہی تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن سے نہ صرف اس شعبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔



