لاہور: پنجاب بھر میں صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف شہروں کے میڈیکل اسٹورز سے 16 غیر معیاری، ملاوٹ شدہ اور جعلی ادویات پکڑ لی گئیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران ضبط کی گئی ادویات کے نمونے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری (ڈی ٹی ایل) بھجوائے گئے، جہاں ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹس میں ادویات کے مخصوص بیچز کو مضر صحت، غیرمعیاری اور جعلی قرار دیا گیا۔
کون کون سی ادویات غیرمعیاری ثابت ہوئیں؟
محکمہ صحت کی تفصیلات کے مطابق غیرمعیاری قرار دی جانے والی ادویات میں دمہ اور الرجی کے علاج، خون کے جمنے سے روکنے، وٹامن بی کی کمی، اعصابی کمزوری اور پٹھوں کے کھچاؤ کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صبح ایک گلاس پانی یا زیادہ پینا بہتر؟ حقیقت سامنے آگئی
لیبارٹری رپورٹ کے مطابق سانس اور کھانسی کے ایک معروف سیرپ میں مقررہ حد سے زائد زہریلے اور نقصان دہ کیمیکلز کی موجودگی کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
جانوروں کی ادویات اور انجکشنز بھی شامل
انسانوں کے علاوہ جانوروں کے علاج میں استعمال ہونے والی لمپی اسکن بیماری کی ویکسین اور مختلف بیکٹیریل انفیکشنز کی ادویات بھی غیرمعیاری قرار دی گئی ہیں۔
شدید سوزش اور الرجی کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے ایک مخصوص انجیکشن کی دو بڑی کھیپوں کو بھی مزید تحقیقات تک معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دل کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں؟ یہ 11 پھل خوراک کا حصہ بنالیں
صوبائی محکمہ صحت اور متعلقہ ریگولیٹری حکام نے متاثرہ ادویات کی خرید و فروخت اور استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے میڈیکل اسٹورز سے ان کا اسٹاک واپس اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
