ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ صحت مند و توانا رہے اور اس کے لیے وہ جو بھی ممکن ہو کرتا ہے۔ عارضہ دل کا شمار ان بیماریوں میں ہوتا ہے جو انسان کو فوری طور پر نحیف کردیتی ہیں اور اسے روز مرہ زندگی گزارنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق کوئی ایک پھل دل کے امراض سے بچاؤ کی ضمانت نہیں دے سکتا، لیکن مختلف پھل باقاعدگی سے کھانے سے دل کی صحت کو مختلف طریقوں سے بہتر رکھنے میں کافی مدد مل سکتی ہے۔
مختلف اقسام کے پھل کھانے سے جسم کو فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور منرلز ملتے ہیں، جو مجموعی طور پر دل کی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔
درج ذیل میں اُن 11 پھلوں کے بارے میں بتایا جارہا ہے جنہیں معمول کی غذا کا حصہ بنانے سے خون میں کولیسٹرول کی صحت مند سطح برقرار، نارمل بلڈ پریشر اور خون کی شریانوں کی صحت بہتر رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
1۔ سیب

باقاعدگی سے سیب کھانے سے کولیسٹرول کی سطح کم کرنے اور خون کی شریانوں کے افعال کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں خون کا جسم میں بہتر انداز سے گردش کرنا ممکن ہوتا ہے۔
سیب آنتوں کی صحت کے لیے بھی مفید ہو سکتا ہے اور محققین کے مطابق آنتوں کی صحت دل کی صحت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پورا سیب بطور اسنیک کھانا یا اس کے ٹکڑے کسی کھانے میں شامل کرنا اپنی خوراک میں دل کے لیے مفید اس پھل کو شامل کرنے کا آسان طریقہ ہے۔
2۔ بیریز

بیریز فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو دل کی صحت کے لیے مفید ہیں۔
بیریز میں موجود فائبر کم کثافت والے لیپوپروٹین یعنی ایل ڈی ایل، جسے عام طور پر خراب کولیسٹرول کہا جاتا ہے، کی سطح کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ آنتوں کی صحت بہتر بنانے اور دل کے امراض، فالج اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرے کو کم کرنے میں بھی معاون ہو سکتی ہیں۔
تازہ یا منجمد بیریز کو دہی، اسموتھی یا دلیے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
3۔ ایووکاڈو

اگرچہ بعض لوگ ایووکاڈو کو سبزی سمجھتے ہیں، لیکن دراصل یہ ایک پھل ہے۔
اس میں غیر سیر شدہ چکنائیاں، فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشیم وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ یہ غذائی اجزا مل کر کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کی صحت مند سطح برقرار رکھنے اور مجموعی طور پر دل کی صحت بہتر رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
ایک مطالعے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو افراد ہفتے میں کم از کم دو مرتبہ ایووکاڈو کھاتے تھے، ان میں ان افراد کے مقابلے میں دل کی شریانوں کے مرض کا خطرہ کم تھا جو بہت کم ایووکاڈو کھاتے تھے۔
4۔ کیلے

کیلے میں خصوصی طور پر پوٹاشیم سمیت دل کی صحت کے لیے مفید کئی غذائی اجزا پائے جاتے ہیں۔
پوٹاشیم جسم میں سوڈیم کی مقدار کو متوازن رکھنے میں مدد کرتا ہے، جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر کو صحت مند سطح پر برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کیلے میں فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس اور پودوں سے حاصل ہونے والے ایسے مرکبات بھی موجود ہوتے ہیں جو سوزش کم کرنے اور خون کی شریانوں کو نقصان سے بچانے میں مدد دے سکتے ہیں۔
5۔ ناشپاتی

ناشپاتی میں پودوں سے حاصل ہونے والے ایسے مفید مرکبات موجود ہوتے ہیں جو دل کو تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔
اپنی خوراک میں ناشپاتی شامل کرنے سے نائٹرک آکسائیڈ کی مقدار بڑھنے کے ذریعے خون کی شریانوں کی صحت بہتر ہو سکتی ہے۔
نائٹرک آکسائیڈ ایک ایسا مالیکیول ہے جو خون کی شریانوں کو ڈھیلا اور کشادہ کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے بلڈ پریشر کو صحت مند سطح پر رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ناشپاتی کولیسٹرول کی صحت مند سطح برقرار رکھنے میں بھی معاون ہو سکتی ہے۔
6۔ انگور

انگور میں ایسے اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو خون کی شریانوں کے افعال کو بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو صحت مند سطح پر رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
بعض مطالعات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ انگور سے بنی مصنوعات، مثلاً انگور کے بیجوں کا عرق، بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔
7۔ کیوی

کیوی وٹامن سی، وٹامن ای، پوٹاشیم اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے، جو دل کو صحت مند رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ باقاعدگی سے کیوی کھانے سے کولیسٹرول کی سطح بہتر ہو سکتی ہے۔
مطالعات سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ کیوی بلڈ پریشر کم کرنے اور خون کے لوتھڑے بننے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
8۔ آم

آم میں وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو دل کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
یہ غذائی اجزا آکسیڈیٹو اسٹریس کو کم کر سکتے ہیں۔ آکسیڈیٹو اسٹریس ایک ایسا عمل ہے جو خون کی شریانوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور دل کے امراض کا سبب بن سکتا ہے۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ آم کولیسٹرول کی سطح بہتر بنانے اور جسم میں اضافی چربی جیسے خطرے کے عوامل کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔
9۔ انار

انار اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو دل اور خون کی شریانوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق ان میں موجود مرکبات آکسیڈیٹو اسٹریس اور سوزش کم کرنے کے ساتھ ساتھ خون کی شریانوں کے افعال کو بہتر بنانے میں بھی مدد کر سکتے ہیں۔
اگرچہ ان میں سے بہت سے نتائج انار کے جوس یا اس کے عرق پر کیے گئے مطالعات سے حاصل ہوئے ہیں، تاہم پورا انار کھانا بھی دل کے لیے مفید غذائی اجزا حاصل کرنے کا ایک صحت مند طریقہ ہے۔
10۔ انناس

انناس میں وٹامن سی اور برومیلین نامی قدرتی انزائم پایا جاتا ہے، جس میں اینٹی آکسیڈنٹ اور سوزش کم کرنے کی خصوصیات ہوتی ہیں۔
اس پھل میں موجود غذائی اجزا خون کی شریانوں کو تحفظ دینے، کولیسٹرول کی صحت مند سطح برقرار رکھنے اور سوزش کم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
بعض مطالعات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ برومیلین خون کے لوتھڑے بننے کے عمل کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
11۔ پپیتا

پپیتا وٹامن سی، وٹامن اے، فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے۔
یہ غذائی اجزا ہارٹ اٹیک اور فالج سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
کچھ تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ پپیتے میں موجود مرکبات بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
اپنی خوراک میں پپیتا شامل کرنے سے کولیسٹرول کے جذب کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
دل کی صحت کے لیے کسی ایک پھل پر انحصار کرنے کے بجائے مختلف پھلوں کو خوراک کا حصہ بنانا زیادہ مفید ہے۔ سیب، بیریز، ایووکاڈو، کیلے، ناشپاتی، انگور، کیوی، آم، انار، انناس اور پپیتا ایسے پھل ہیں جن میں فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز، منرلز اور دیگر غذائی اجزا پائے جاتے ہیں جو دل اور خون کی شریانوں کی صحت برقرار رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔