لاہور: پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں آن لائن نظام لازمی قرار دے دیا گیا۔
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے سرکاری اسپتالوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مریضوں کے اندراج اور علاج کا ریکارڈ آن لائن رکھنے کی ہدایت کردی گئی۔
ہم نیوزکے مطابق محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری ہدایات میں سرکاری اسپتالوں میں مریضوں سے متعلق تمام ضروری معلومات ڈیجیٹل نظام کا حصہ بنائی جائیں گی۔
اسپتال انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ مریضوں کا ڈیٹا درست اوربروقت آن لائن درج کیا جائے تاکہ علاج معالجے اور اسپتال کی کارکردگی سے متعلق معلومات دستیاب رہیں۔
نوٹس میں او پی ڈی اورایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کا روزانہ ریکارڈ بھی آن لائن درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مریضوں کے اندراج کے ساتھ ان کے علاج اور طبی سہولیات سے متعلق معلومات بھی ڈیجیٹل ریکارڈ میں شامل کی جائیں گی۔
محکمہ صحت کے مطابق اسپتالوں میں فراہم کی جانے والی ادویات کا ریکارڈ بھی آن لائن نظام کا حصہ ہوگا۔ اس کے علاوہ مریضوں سے متعلق ضروری معلومات کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو آن لائن نظام باقاعدگی سے استعمال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ عملے کی جانب سے ڈیجیٹل نظام میں معلومات کے بروقت اندراج کو یقینی بنایا جائے۔
ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ مریضوں کا ڈیٹا درج کرتے وقت درستگی کا خاص خیال رکھا جائے، جبکہ کسی قسم کی غلط یا نامکمل معلومات سے گریز کیا جائے۔
اسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر او پی ڈی، ایمرجنسی، مریضوں اور ادویات کا ریکارڈ آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کی ذمہ داری متعلقہ عملے پر عائد ہوگی۔
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے آن لائن نظام میں کسی تکنیکی خرابی یا مسئلے کی صورت میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کو ڈیجیٹل ریکارڈ کے نظام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے، تاکہ مریضوں کے ریکارڈ، علاج اور اسپتالوں کی روزمرہ کارکردگی سے متعلق معلومات ایک منظم آن لائن نظام کے تحت دستیاب رہیں۔


