کوئٹہ: سکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاک افغان سرحد پر چمن سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے جارحیت اور دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان کی جانب سے اشتعال انگیز فائرنگ کی گئی، جس کا پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت، مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو کواڈ کاپٹرز اور مارٹر فائر سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کا منصوبہ مکمل طور پر ناکام بنا دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کی حدود میں ہونے والی ہر دراندازی کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کے لیے فورسز ہمہ وقت تیار ہیں۔
‘کیچ میں ایک دہشت گرد مارا گیا’
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے مزابند رینج میں مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران فتنہ الہندوستان کا ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پاک ایران سرحد کے قریب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا تھا، جس کے بعد بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی ایران فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔



