ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے دن بھی کمی ہو گئی۔
گزشتہ روز سونے کے نرخ میں 1800 روپے فی تولہ کمی ہوئی تھی ، تین دن کے دوران سونا 6300 روپے سستا ہو گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں آج بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید 1800 روپے کمی ہوئی ہے۔ قیمت میں مسلسل کمی کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 53 ہزار 936 روپے کی سطح پر آ گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 1544 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 89 ہزار 176 روپے ہوگئی ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 30 روپے کم ہوئی، جس کے بعد ایک تولہ چاندی 7008 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کا بنیادی سبب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں آنے والی کمی کو قرار دیا جارہا ہے، عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 18 ڈالر کمی کے بعد 4314 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں، جہاں گزشتہ روز کے مقابلے میں آج سونے کی قیمت مزید نیچے آئی ہے۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا اثر مقامی مارکیٹ پر براہ راست پڑتا ہے، تاہم ملکی سطح پر روپے کی قدر اور عالمی قیمت کے ساتھ مقامی طلب و رسد بھی سونے کے نرخوں میں تبدیلی کا باعث بنتی ہے۔


