حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔
اوگرا کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 422 روپے 8 پیسے سے کم ہوکر 418 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 393 روپے 75 پیسے سے کم ہوکر 392 روپے 5 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اوگرا کے مطابق نئی ایکس ڈپو قیمتوں کا اطلاق 23 ستمبر 2026 سے ہوگا۔
واضح رہے گزشتہ روز 22 ستمبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 61 پیسے فی لیٹر اضافہ کرتے ہوئے اسے 393 روپے 75 پیسے کیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 96 پیسے کمی کرکے 422 روپے 8 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
اوگرا کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تازہ ردوبدل عالمی مارکیٹ میں تبدیلی، پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات کے باعث کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں
عالمی مارکیٹ میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ دنوں میں کمی دیکھی گئی۔ 21 ستمبر کو برینٹ خام تیل کی نومبر ڈیلیوری کی قیمت 100.34 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جو 3.4 فیصد کمی ہے، جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 95.78 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جس میں 4.51 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
22 ستمبر کو کاروبار کے دوران بھی عالمی تیل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ برقرار رہا۔ برینٹ کی قیمت تقریباً 98 سے 100 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 90 سے 95 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہی۔ مارکیٹ میں خلیجی خطے سے تیل کی سپلائی بہتر ہونے اور سعودی عرب کی برآمدات بحال ہونے کی اطلاعات کے باعث قیمتوں پر دباؤ دیکھا گیا۔


