چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم اور ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا جبکہ دورے کے دوران انہیں سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔
انہوں نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم ہیں اور ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ “شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔”
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں سکیورٹی صورتحال تشویشناک ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
دو روز قبل ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران سمیت 6 جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن ابوزر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر سمیت 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق کا تعلق ضلع گوجرانوالہ جبکہ 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر کا تعلق ضلع چکوال سے تھا۔ دونوں شہید افسران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے۔
