ایرانی فوج نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے اوپر جدید امریکی جاسوس MQ-1 ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا۔
ایران کے سرکاری میڈیا ارنا نے ایرانی پاسداران انقلاب کے حوالے سے بتایا کہ ڈرون کو مقامی ساختہ نظام کی فائرنگ سے نشانہ بنا یا گیا، یہ کارروائی مربوط قومی فضائی دفاعی نظام کے تحت کی گئی۔
ایران بارہا اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز پر اپنے کنٹرول کا دعویٰ کر چکا ہے اور خطے میں کسی بھی دشمن سرگرمی کے خلاف خبردار کرتا رہا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو ایرانی فوج نے امریکی MQ-9 ڈرون کو مار گرایا تھا۔ آئی آر جی سی ایرو اسپیس فورس نے ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے زیرِ کنٹرول نئے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے قشم جزیرے کے اوپر اس بغیر پائلٹ طیارے کو روک کر تباہ کر دیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی مسلح افواج کے ‘خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز’ نے امریکا اور خطے کے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کا بھرپور فوجی ردعمل دیا جائے گا۔
خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملے کی غلطی کی تو خطے بھر میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں اور مفادات پر تکلیف دہ حملے کریں گے۔
امریکا کی ایران پر دوبارہ حملوں کی تیاری
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض علاقائی ممالک کے گرین سگنل پر امریکا ایک یورپی ملک میں طے شدہ اجلاس کے بعد ایران کے خلاف کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ خطے کے جو ممالک ایران کے حوالے سے اپنی دوہری پالیسی کو جاری رکھیں گے اور ایران کے خلاف امریکی اقدامات میں اس کے اتحادی بنیں گے انہیں ان کارروائیوں میں برابر کا شریک تصور کیا جائے گا اور ایسے ممالک کو ایرانی مسلح افواج سے کسی قسم کے تحمل کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔



