اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسی احتجاج کے حوالے سے بالکل واضح ہے اور کسی صورت احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ پرتشدد مظاہرے کیے، جبکہ احتجاج کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ بھی آچکا ہے اور عدالتی حکم واضح ہے، اس لیے اسلام آباد میں کسی بھی جگہ احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج کے معاملے پر کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی اور کسی دباؤ کے تحت کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، تاہم قانون سب کے لیے برابر ہے، اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج نہیں ہونے دیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا کی صورتحال پر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کوہاٹ میں لاشیں پڑی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی موجیں کر رہے ہیں، امن و امان کو بہتر بنانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف توڑ پھوڑ کرتی ہے جبکہ جماعت اسلامی کے کارکن پرامن لوگ ہیں۔ جماعت اسلامی کے جلسوں میں کبھی پتہ نہیں ٹوٹتا اور دونوں جماعتوں کا ’’ڈی این اے‘‘ ہی الگ ہے، اس لیے انہیں نہیں لگتا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی اکٹھی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی عدالت کے فیصلے کو نہیں مانا، اور بہتر ہے جماعت اسلامی بھی اسلام آباد نہ آئے، کیونکہ قانون پھر اپنا راستہ لے گا۔



