لندن: وزیراعظم شہباز شریف لندن پہنچ گئے، ان کے خصوصی طیارے نے لوٹن ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، جہاں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لندن میں چند روز قیام کریں گے، جس کے بعد وہ امریکا روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کریں گے اور پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی، اسلاموفوبیا، عالمی معاشی چیلنجز، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور عالمی جنوب کو درپیش مسائل سے متعلق پاکستان کی ترجیحات اجاگر کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال کی جانب بھی عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف دورہ امریکا کے دوران اعلیٰ سطحی تقریبات میں شرکت کے علاوہ مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان کے علاقائی امن، بین الاقوامی تعاون اور کثیرالجہتی نظام سے متعلق مؤقف کو اجاگر کیا جائے گا۔
امریکا میں قیام مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف وطن واپسی کے سفر میں دوبارہ لندن میں قیام کریں گے، جس کے بعد پاکستان واپس روانہ ہوں گے۔



