اسلام آباد: حکومتی وفد نے جماعت اسلامی کی سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزراء علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم سیکٹر، ایندھن کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جماعت اسلامی کے وفد کو بتایا کہ حکومت نے حالیہ بحران کے دوران ملک بھر میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی ہے، جبکہ صارفین کے تحفظ اور ایندھن کی دستیابی کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے وفد کو 7 روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی پیٹرولیم قیمتوں کے نظام پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکلوں، چنگچی رکشوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جا رہی ہے، جو مستحق طبقات تک ریلیف پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے حکومت کے فیول ریلیف اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیٹرولیم لیوی میں کمی سمیت بنیادی مسائل کے مستقل حل پر زور دیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے یورو فائیو ایندھن کی پیداوار اور پیٹرول و ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ ہو گا، جبکہ درآمدی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار بھی کم ہو گا۔
عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے، اعظم نذیر تارڑ
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے، جبکہ بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس بیس بڑھانے اور براہ راست ٹیکسوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزرا نے جماعت اسلامی کی سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس سے قبل جماعت اسلامی کا حکومت وفد سے مذاکرات کا پہلا دور 7 ستمبر اور دوسرا دور 11 ستمبر کو ہوا تھا۔ جس میں حکومتی وفد کی جانب سے جماعت اسلامی سے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے ملک بھر کے بڑے شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔ اور 20 ستمبر کو ملک کے تمام حصوں سے اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔


