لندن: برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم کے والد رائے برنہم انتقال کرگئے وہ الزائمر کے مرض میں مبتلا تھے اور ایک کیئر ہوم میں مقیم تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق والد کے انتقال کے بعد وزیراعظم اینڈی برنہم نے آج اور کل کی اپنی تمام مصروفیات منسوخ کردی ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم نے مختلف انٹرویوزمیں بتایا تھا کہ ان کے والد الزائمر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث یہ بھی نہیں جان سکے کہ ان کا بیٹا برطانیہ کا وزیراعظم بن چکا ہے۔
اینڈی برنہم نے بتایا کہ ان کے والد ان کے وزیراعظم بننے کے بعد انہیں ڈاؤننگ اسٹریٹ جاتے ہوئے دیکھنے کے لیے وہاں موجود نہیں ہوسکے، جو ان کے لیے انتہائی افسوسناک بات تھی۔
انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں بتایا تھا کہ ان کی والدہ ان کے ساتھ ڈاؤننگ اسٹریٹ گئی تھیں، تاہم والد بیماری کے باعث ان کے ہمراہ نہیں آسکے۔
کیئرہوم کے عملے نے ٹیلی ویژن پر اینڈی برنہم کی جانب اشارہ کیا تو انہیں امید ہوئی کہ شاید ان کے والد نے اپنے بیٹے کو پہچان لیا ہو۔
رپورٹس کے مطابق اینڈی برنہم نے اپنے والد کی بیماری اورخاندان کے تجربے کو برطانیہ میں سماجی نگہداشت کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت اجاگر کرنے کے لیے بھی بیان کیا تھا۔
اینڈی برنہم نے جولائی میں وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد بھی والد کی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے اسے اپنے لیے ایک بڑا ذاتی دکھ قرار دیا تھا۔


