پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم ورلڈ الٹیمیٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو مقابلے میں میڈل حاصل کرنے میں ناکام ہو گئے۔
جیولن تھرو کے مقابلوں میں دنیا کے ٹاپ 8 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پہلے راؤنڈ میں 74.42 میٹر کی تھرو کی، تاہم جرمنی کے کھلاڑی جولین نے 85.89 اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 89.18 میٹر کی تھرو کی۔
دوسری کوشش میں ارشد ندیم نے 79.66 میٹر تھرو کی اور ٹیرینیڈاڈ کے والکوٹ نے 85.41 میٹر کی تھرو کی۔
تیسری کوشش میں بھی ارشد ندیم کی تھرو 81.79 میٹر رہی، جو رواں سیزن میں ان کی بہترین تھرو تھی، تاہم یہ کارکردگی انہیں میڈل کی دوڑ میں برقرار رکھنے کے لیے کافی ثابت نہ ہوسکی۔ اور وہ پانچویں نمبر پر رہے۔
رواں سیزن کی بہترین تھرو کرنے کے باوجود ارشد ندیم عالمی چیمپئن شپ میں میڈل حاصل نہ کرسکے۔ سری لنکا کے رومیش پاتھیر اگے جیولن تھرو کے الٹیمیٹ چیمپئن بن گئے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے بعد جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں ہونے والی ایشین گیمز میں حصہ لیں گے۔
گزشتہ ایشین گیمز میں فٹنس مسائل کی وجہ سے فائنل سے ایک روز پہلے وہ ایونٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔


