سابق کپتان شاہد آفریدی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پیٹرول پر بھاری ٹیکس عائد کرکے رقم عوام سے نکالی جاتی ہے، ٹیکس کلیکشن کے اہداف پورے نہ ہوں تو اس کا بوجھ بھی عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عالمی حالات کا نتیجہ نہیں بلکہ حکومتی نااہلی ہے۔
حکومت کو اپنی پالیسیوں اور انتظامی کمزوریوں کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل بنا دیا ہے۔
روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔
سابق کپتان نے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں کیونکہ مشکل میں تو عوام پہلے سے ہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ٹیکس اہداف اوردیگرمالی ضروریات پوری کرنے کیلئے عام شہری پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے مؤثر اور عوام دوست پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کو مزید مشکلات سے نکالنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مہنگائی کا دباؤ کم اورعام آدمی کیلئے زندگی آسان بنائی جاسکے۔



