اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 403 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 12 ستمبر سے ہوگا اور یہ قیمتیں 14 ستمبر تک نافذ العمل رہیں گی۔
قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھ گئی ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کے اخراجات پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا دوسری جانب آج عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، برطانوی خام تیل کی قیمت 3 فیصد سے زائد کمی کے بعد 104 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
امریکی خام تیل کی قیمت بھی 3 فیصد کم ہوکر 98 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں مربان خام تیل کی قیمت 2 فیصد کمی کے بعد 120 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔



