تہران: ایران نے تیل، گیس اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے غیر ملکی بحری جہازوں پر عائد 10 فیصد کارگو فیس عارضی طور پر معطل کردی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق غیر ملکی بحری جہازوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل پروصول کی جانے والی کارگو فیس کو فی الحال معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کارگو فیس کی معطلی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ایرانی حکومت اضافی ٹیکس وصول کیے جانے والی اشیاء کی فہرست جاری نہیں کردیتی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی سمندری راستے سے تیل برآمدات شدید متاثر ہوئی ہیں۔
ایران کی جانب سے غیرملکی جہازوں پرعائد 10 فیصد کارگو فیس معطل کئے جانے سے پیٹرولیم مصنوعات کی سمندری ترسیل میں سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔
تاہم فیس کی معطلی عارضی نوعیت کی ہے اوراس کا اطلاق حکومت کی جانب سے اضافی ٹیکس سے متعلق اشیاء کی فہرست جاری ہونے تک رہے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق سمندری راستے سے تیل کی برآمدات متاثر ہونے کے باعث غیر ملکی جہازوں اور توانائی کی ترسیل سے متعلق معاملات میں دباؤ بڑھا ہے، جس کے پیش نظر کارگو فیس میں عارضی ریلیف دیا گیا ہے۔



