اسلام آباد: وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت میں دہشتگردوں کو سہولت کاری دی گئی، جبکہ تحریک انصاف کے احتجاج میں مسلح جتھے ہوتے ہیں اورماضی گواہ ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پرامن نہیں ہوتا۔
ہم نیوز کے پروگرام “کوئسچن آور” میں گفتگو کرتے ہوئے کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکارزخمی ہوئے، 9 مئی کے ملزمان کی گرفتاریاں ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہرسیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی توقانون حرکت میں آئے گا۔
وزیر مملکت نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے پاس رپورٹس موجود ہیں کہ پی ٹی آئی مسلح جتھوں کے ساتھ آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اگررپورٹ کے مطابق آئیں توانہیں گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے۔
کھیئل داس کوہستانی نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کے حوالے سے کہا کہ قانون کے مطابق بہترعلاج ان کا حق ہے۔
نئے صوبوں کے معاملے پر وزیر مملکت نے کہا کہ پارٹی کی سطح پر ابھی تک نئے صوبوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، وزرا اپنا اپنا نقطہ نظر بیان کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے بھی کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے، ہم پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرتے ہیں۔
کھیئل داس کوہستانی کے مطابق صوبوں کی تشکیل ایک اہم معاملہ ہے جس پر پارلیمانی بحث اور اتفاق رائے کے بعد فیصلہ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سیاسی جماعتوں کے پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتی ہے، تاہم قانون ہاتھ میں لینے یا امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



