لاہور، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی پنجاب حسان احسن نے کہا ہے کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے نجی گاڑیوں کی ایمیشن ٹیسٹنگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف 15 اکتوبر سے کارروائی شروع ہوگی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری ٹرانسپورٹ پنجاب حسان احسن نے بتایا کہ نجی گاڑیوں کے لیے ایمیشن ٹیسٹ اورفٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
قانون کی خلاف ورزی پر 500 سے 2 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر گاڑی بند بھی کی جاسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ نجی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کا نظام ڈیجیٹل کردیا گیا ہے، جس سے فٹنس کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی، گزشتہ سال فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔
حسان احسن کے مطابق ایمیشن ٹیسٹ پاس کرنے والی گاڑیوں پر ایک سال کے لیے اسٹیکر لگایا جائے گا، جس سے سڑکوں پر گاڑیوں کی جانچ اور نگرانی میں آسانی ہوگی۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نے کہا کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے قانون پہلے سے موجود ہے، اب اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اپنی گاڑیوں کا ایمیشن ٹیسٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ بروقت مکمل کرائیں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جاسکے۔



