فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کے آنجہانی اداکار پال واکر کے بھائی کوڈی واکر نے کہا ہے کہ وہ فلم سیریز کے آخری حصے میں پال کے کردار برائن او‘کونر کو اے آئی کے ذریعے واپس لانے کے منصوبے کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔
کوڈی واکر نے ’انٹرٹینمنٹ ویکلی‘ کو بتایا کہ 2014 میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) موجود نہیں تھی، تاہم ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ سیریز کی کئی سالوں پر محیط غیر استعمال شدہ فوٹیجز موجود ہیں جنہیں استعمال کرکے کردار کو واپس لایا جاسکتا ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ 2028 میں ریلیز ہونے والی فلم ’فاسٹ فار ایور‘ میں پال کے اسٹنٹ ڈبل کے طور پر بھی دوبارہ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
کوڈی واکر کے مطابق پال کے کردار کو فلم سیریز سے جس انداز میں رخصت کیا گیا، وہ انہیں پسند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کردار کو مارا نہیں گیا بلکہ اسے اپنے بچوں کی پرورش کرتے ہوئے دکھایا گیا، جو ایک خوبصورت اختتام تھا۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ اگر پال کی بیٹی میڈو واکر اپنے والد کے کردار کو دوبارہ دیکھنا چاہتی ہیں تو یہ فیصلہ ان کی خواہش کے مطابق ہونا چاہیے، اور اس کے لیے انہیں یا ان کے بھائی کالیب کو شامل کرنے کی ضرورت نہیں۔
پال واکر 2013 میں ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ سیریز کی فلم ’فوریئس 7‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ ان کی وفات کے بعد ان کے بھائیوں کوڈی اور کالیب نے بعض مناظر میں ان کی جگہ کام کیا، جبکہ ویژیول ایفیکٹس کی مدد سے فلم مکمل کرکے پال کے کردار کو مناسب اختتام دیا گیا۔
2018 میں دونوں بھائی مستقبل میں کردار کو دوبارہ لانے کے امکان کے مخالف نہیں تھے۔ تاہم کوڈی کا کہنا ہے کہ اب وہ اس حوالے سے دلچسپی نہیں رکھتے۔
کوڈی واکر کا مؤقف ’فاسٹ اینڈ فیوریئس‘ کے مرکزی اداکار وِن ڈیزل کی خواہش سے مختلف ہے۔ وِن ڈیزل نے 2025 میں کہا تھا کہ فلم کے آخری حصے کے لیے ان کی 3 شرائط میں سے ایک ڈوم اور برائن او‘کونر کو دوبارہ اکٹھا کرنا تھی۔.
The last scene Paul Walker shot for the Fast and Furious franchise pic.twitter.com/aPsihNkPoT
— Film Feed (@FiImFeed) September 26, 2023
’فاسٹ فار ایور‘ کو اس طویل فلمی سیریز کی آخری فلم قرار دیا جارہا ہے اور اسے 17 مارچ 2028 کو سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔
کوڈی واکر نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ فلم میں پال واکر کو آخری بار دکھایا جائے گا یا نہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے معروف اداکار وِن ڈیزل سے بات کی ہے اور وہ آخری فلم کو بہترین بنانے کے لیے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔
