قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے نااہل قرار دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور امام الحق پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں حصہ نہیں لے سکیں گے، دونوں کھلاڑیوں نے مقررہ فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے، جس کے باعث انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے نااہل قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق اور محمد رضوان کو ایس این جی پی ایل (SNGPL) اور او جی ڈی سی ایل (OGDCL) کے اسکواڈز میں شامل کیا گیا تھا تاہم فٹنس ٹیسٹ نہ دینے کی وجہ سے دونوں کھلاڑی پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
پس منظر
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس معیار اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کو اہمیت دی جاتی ہے، قومی ٹیم سے باہر یا دستیاب کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کو میچ پریکٹس اور فٹنس برقرار رکھنے کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
محمد رضوان اور امام الحق دونوں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور مختلف فارمیٹس میں قومی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کی عدم شرکت بالخصوص فٹنس ٹیسٹ سے متعلق معاملہ قومی ٹیم کے آئندہ سلیکشن اور کھلاڑیوں کے فٹنس معیار کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
قومی ٹیم کے خلاف انکوائری
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد انکوائری شروع کر رکھی ہے۔
پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر عامر میر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ بورڈ نے ڈسپلن اور کنڈکٹ سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد داخلی تادیبی تحقیقات شروع کی ہیں جن کا اس وقت اندرونی طور پر جائزہ لیا جارہا ہے۔
The Pakistan Cricket Board has initiated an internal disciplinary inquiry following media reports concerning discipline and conduct, which are currently being reviewed internally. The PCB handles such matters in accordance with its standard procedures. The process is being…
— Amir Mir (@AmirMirpcb) September 7, 2026
عامر میر کے مطابق پی سی بی ایسے معاملات کو اپنے معمول کے طریقہ کار کے مطابق دیکھتا ہے اور تحقیقات بورڈ کے ضوابط کے تحت کی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران تمام متعلقہ افراد کو مناسب طور پر زیر غور لایا جارہا ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی اسکواڈ میں 7 کھلاڑیوں کو تبدیل کردیا تھا جن میں امام الحق اور محمد رضوان بھی شامل تھے اس کے علاوہ پی سی بی نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کردیا تھا۔



