اسلام آباد، وفاقی حکومت نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بحث کرانے کا اعلان کردیا۔
وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کا اصل مقام پارلیمنٹ ہاؤس ہی ہے، اس لیے اس معاملے پرقومی اسمبلی اورسینیٹ میں بحث کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس نہیں ہو رہے، تاہم دونوں ایوانوں کے اجلاس اکتوبر میں ہوں گے، جن میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بحث کی جائے گی۔
طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مختلف آرا سامنے آتی رہی ہیں، تاہم اس معاملے پر حتمی گفتگواوربحث پارلیمنٹ کے فورم پرہی ہونی چاہیے۔
اسلام آباد سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی دارالحکومت کونیا صوبہ بنانے کی کوئی بات نہیں ہو رہی، اسلام آباد صوبہ بننے نہیں جا رہا بلکہ شہرایک نئے گورننس ماڈل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کوالگ صوبہ بنانے کی کوئی تجویززیرِغورنہیں، تاہم وفاقی دارالحکومت کے انتظامی امور کو بہتربنانے کے لئے نئے گورننس ماڈل پر کام کیا جا رہا ہے۔
وفاقی حکومت کے اس اعلان کے بعد نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ پارلیمانی بحث کا حصہ بننے جا رہا ہے، جس سے سیاسی سطح پر اہم پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔



