اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے دوران نومولود بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کو بہادری پر 10 لاکھ روپے کا انعام دے دیا گیا۔
چینی کمپنی کی چیئرپرسن یان جن نے نرس رضیہ نورین کو10 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اوران کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر یان جن نے کہا کہ ایک جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے، رضیہ نورین نے مشکل اورخطرناک صورتحال میں اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نومولود کی جان بچائی۔
اس سے قبل 3 ستمبرکو وزیراعظم شہباز شریف سے پمز آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین نے ملاقات کی تھی۔
وزیراعظم نے نرس کی بہادری، ہمت اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے انہیں ایک کروڑ روپے کا چیک دیا اور 23 مارچ کو تمغۂ خدمت دینے کا اعلان بھی کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے رضیہ نورین کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی ہمت اور جذبے کی معترف ہے اورمشکل اورخطرناک حالات میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود کی زندگی بچانا ایک عظیم عمل ہے۔
خیال رہے کہ پمزاسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کے دوران اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے دھواں پھیل گیا جس کے نتیجے میں 14 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
اس موقع پر نرس رضیہ نورین نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود کو محفوظ مقام تک پہنچانے کے لیے غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا، آگ اوردھویں کے باوجود نومولود کی جان بچانے کیلئے رضیہ نورین کی کوشش نے انہیں قومی سطح پر پذیرائی دلائی۔
جس وقت اسپتال میں آگ پھیلی اس وقت انکیوبیٹرز میں پندرہ بچے موجود تھے، نرس رضیہ نورین ایک بچے کو بچانے میں کامیاب رہیں۔



