گلگت: الیکشن ٹریبونل نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے عطا اللہ بنام سید امام مالک کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
الیکشن ٹریبونل نے رکن گلگت بلتستان اسمبلی سید امام مالک کی اسمبلی رکنیت معطل کرتے ہوئے 5 دنوں کے اندر تمام پوسٹل بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کرنے کا حکم جاری کردیا۔
الیکشن ٹریبونل کی جانب سے سید امام مالک کی بنیادی رکنیت معطلی کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے آرڈر 85 اور سیکشن 95 کے تحت پوسٹل بیلٹس کی گنتی کا حکم جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ سید امام مالک نے گلگت بلتستان الیکشن میں جی بی 16 دیامر سے بطور آزاد امیدوار حصہ لیا، کامیابی کے بعد وہ آئی پی پی میں شامل ہو گئے تھے۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے آئی پی پی سیکریٹری جنرل میاں خالد محمود کی درخواست منظور کرتے ہوئے امام مالک کی آئی پی پی میں شمولیت کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
معاملہ الیکشن ٹریبونل کیوں پہنچا؟
جی بی اے 16 دیامر 2 سے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لینے والے سید امام مالک نے اپنے مدمقابل عطاء اللہ کے مقابلے میں 24 ووٹوں کی معمولی برتری حاصل کی تھی۔
ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے فارم 49 جاری کرتے وقت پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی نہیں کی گئی، جبکہ فارم 47 کی بنیاد پر پروویژنل فارم 49 جاری کر دیا گیا۔
بعدازاں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عطاء اللہ نے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری کردہ پروویژنل فارم 49 کو الیکشن ٹریبونل گلگت بلتستان میں چیلنج کر دیا تھا۔

