انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف اپنی گرفت مضبوط کرلی۔
میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کو پاکستان پر 320 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 453 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان دوسری اننگز کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 52رنز بنالئے ہیں، اذان اویس 29 اور شان مسعود 21 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں سعود شکیل 43 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ محمد عباس نے 21، رضوان اللہ نے 11 اور اذان اویس نے 9 رنز بنائے۔ بابر اعظم 7، شان مسعود 5، محمد عمران 5، غازی غوری 4، عبداللہ شفیق 3 اور صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اولی رابنسن اور جوفرا آرچر نے 3،3 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں انگلینڈ نے بیٹنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہیری بروک نے 75، جیمی اسمتھ نے 69، ڈین لارنس نے 65، ایمیلیو گے نے 60 اور اولی رابنسن نے 50 رنز بنائے۔
جوفرا آرچر 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ نے 89 اوورز میں 453 رنز بنا کر پہلی اننگز مکمل کی۔
پاکستان کی جانب سے رضااللہ نے 23 اوورز میں 148 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عمران نے 2 اور محمد علی نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 320 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے اور پاکستان کے لیے میچ میں واپسی ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 3 کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا ہے، پاکستان کو سیریز وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔
ایجبسٹن میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں۔ پیس آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا، فاسٹ بولر رضا اللہ اور وکٹ کیپر غازی غوری کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا گیا ہے جبکہ صائم ایوب کی طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔



