ٹھٹھہ، پیر جو گوٹھ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی بجلی کی تاروں سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ٹریکٹرٹرالی بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں ٹرالی میں سوارافراد کرنٹ لگنے سے متاثر ہوئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ مقامی افراد بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہوگئے، ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بعض زخمیوں کی حالت کے حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات اور واقعے سے متعلق دیگر تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔ پولیس اورریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود رہیں اور امدادی کارروائیاں مکمل کیں۔
حادثے کے باعث علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔



