کشمور: کندھ کوٹ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ ٹھل سے رائیونڈ جا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق حادثہ کشمور، کندھ کوٹ کے قریب پیش آیا جہاں مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 20 سے زائد مسافر زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا جانی نقصان پر اظہار افسوس
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کندھ کوٹ کے قریب مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے بلند درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
سید مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر تمام ضروری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
سخاکوٹ میں ٹرک اور مسافر سوزوکی میں تصادم
دوسری جانب سخاکوٹ میں ٹرک اور مسافر سوزوکی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 نوجوان جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حادثہ علی الصبح پیش آیا، باجوڑ جانے والی مسافر سوزوکی گاڑی کو تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں جلالہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان شایان اور احتشام موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال درگئی منتقل کیا گیا۔



