رحیم یار خان میں رکن پور قومی شاہراہ پر باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 باراتی جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کے مطابق حادثہ رکن پور قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ٹرالر سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد شدید زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق حادثے کے فوری بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔
متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔



