مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 93 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔
رپورٹس کے مطابق برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت بھی بڑھ کر 98 ڈالر فی بیرل سے زائد ہو گئی ہے۔
دوسری جانب مربان خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 113 ڈالر فی بیرل کی سطح پر فروخت ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جس میں امریکی تیل ڈبلیو ٹی آئی 91.48 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا تھا، فی بیرل 18 سینٹ یا 0.20 فیصد اضافہ ہوا۔اسی طرح برطانوی برینٹ خام تیل 96.28 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا تھا، جس کی قیمت میں 76 سینٹ یا 0.80 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں، پاکستان نے جولائی 2026 میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ جائزے اور تعین کا نظام متعارف کرایا تھا، جس کے تحت عالمی منڈی میں قیمتوں کی تبدیلی کے مطابق مقامی قیمتوں میں بھی تیزی سے ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔
گزشتہ روز بھی پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے90 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔ جس کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 358 روپے 77 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 381 روپے 77 پیسے پر پہنچ گئی۔
رائٹرز کے مطابق گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت مجموعی طور پر 7.6 فیصد جبکہ امریکی تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت تقریباً 10 فیصد بڑھی، مارکیٹ میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات نے قیمتوں پر دباؤ بڑھایا ہے۔


