نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے گفتگو کے دوران پاکستان اور کویت کے درمیان موجود قریبی اور دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر رابطہ برقرار رکھنے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ نے خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی معاملات اوران سے متعلق پیش رفت پر اپنے اپنے مؤقف اور خیالات کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پراتفاق کیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان باہمی رابطے کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور مشاورت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
گفتگو میں آئندہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات پر بھی اتفاق کیا گیا، اس ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر مزید بات چیت متوقع ہے۔
پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جبکہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مسلسل مشاورت کرتے رہے ہیں۔



