نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے نومنتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل شیخ احمد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں پاکستان اور او آئی سی کے درمیان دوطرفہ تعاون، باہمی تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران مسلم امہ کو درپیش اہم مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نومنتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل شیخ احمد کو او آئی سی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ مسلم امہ کے مفادات کے فروغ اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
اسحاق ڈارنے او آئی سی کے لیے پاکستان کی خصوصی اہمیت اور تنظیم کے مقاصد کے حصول کے لیے اس کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے تنظیم میں پاکستان کے اہم اور فعال کردار کو سراہا۔
انہوں نے نائب وزیراعظم کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی مبارکباد دی اور معاہدے کو خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے مسلم امہ کی خدمت اور اس کے مفادات کے تحفظ کے لیے او آئی سی کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کی غرض سے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر دونوں جانب سے مسلسل رابطہ کاری برقرار رکھنے اور جلد ملاقات کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو میں فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت مسلم دنیا کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے او آئی سی کے مؤثر کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مسلم امہ کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے باہمی مشاورت اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔



