نیب کی ڈار اور انوشے رحمان کے خلاف تحقیقات کی منظوری


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیر مملکت برائے انفارمیشن و ٹیکنالوجی انوشے رحمان کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔

تحقیقات کی منظوری چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی جس میں کرپشن کے خلاف جاری نیب کی کارروائیوں اور تحقیقات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر بھی کارروائی کی منظوری دی گئی۔

نیب نے پہلے ہی آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں 5 جولائی 2018 کو بیان ریکارڈ کرانے کے بعد فواد حسن فواد کو گرفتار کر رکھا ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 2 اگست کو فواد حسن فواد کو ان کی گرفتاری کے دن سے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

اجلاس نے سابق چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) اسماعیل شاہ  اور نیلم جہلم  پروجیکٹ کی انتظامیہ کے خلاف بدعنوانی کی شکایت  پر تحقیقات کی منظوری بھی دی۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ ملک میں بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ضروری ہے اور نیب بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سب کا احتساب کررہا ہے، نیب ’احتساب سب کے لیے‘  کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔


متعلقہ خبریں